❇️ *امام مہدی (عج) ظالموں کے قلعوں کو فتح کرنے والے:*
گذشتہ کلاس میں امام زمانہ (عج)کے بارے میں بیان کیا گیا تھا کہ آپ اللہ تعالیٰ کے اولیاء اورمظلوموں کے خون کا انتقام لینے والے ہیں اور یہ عہدہ آپ کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے ملا ہوا ہے۔ جس کی عملی اور میدانی تصویر ظہور کے بعد دنیا کے سامنے آئے گی اور یہی وجہ ہے کہ آپ کی ولادت کے پہلے اور بعد میں ہمیشہ ظالم حکومتوں اور ستمگروں نے امام مہدی(عج) کے وجوداورآپ کیحکومت کے بارے میں مختلف قسم کے شبہات و شکوک پھیلانے کا کام کیا ہے اور ائمہ علیہم السلام اور امام مہدی (عج) کے ماننے والوں پر ظلم و ستم کیا ہے۔
👈 آج کی کلاس میں امام مہدی (عج)کے بارے میں ایک اور خصوصیت کا ذکر کیا جارہا ہے جس کے بارےمیں پیغمبراکرم(ص) نے خطبہ غدیر میں فرمایا کہ:
*"أَلا إِنَّهُ فاتِحُ الْحُصُونِ وَهادِمُها"؛ جان لو کہ ہمارا مہدی(عج) ظالموں کے قلعوں کو فتح کرے گا اور ان کو نابود کر دے گا۔*
⭕️ پیغمبراکرم(ص) کا یہ اعلان امام زمانہ (عج) کی الہی قدرت اور ہیبت کو بیان کررہا ہے کہ آپ آکر دنیا میں ظلم و ستم کا خاتمہ کریں گے اور ظالموں کے تمام اڈّں اور ان کے حفاظتی قلعوں اور ان کی حکومتوں کو نابود کردیں گےاور الہی حکومت کو قائم کریں گے اور اس کام سے کوئی بھی انہیں روک نہیں سکے گا۔
⭕️پیغمبراکرم(ص)کی یہ پیشنگوئی تمام ظالم و جابر حکومتوں کے لئے ایک پیغام ہے کہ چاہے جتنے مضبوط قلعے اور حفاظتی مکان بنا لو اور چاہے جتنا مظلوموں پر ظلم کرلو لیکن جب ہمارا مہدی (عج) آئے گا تو تمہاری تمام تیاریاں اور تدبیریں دھری کی دھری رہ جائیں گی۔
*⭕️ لیکن یہاں ایک سوال یہ پیداہوتا ہے کہ آخر دنیا بھر کے اتنے خطرناک ظالموں اور جدید اسلحوں کے سامنے امام مہدی( عج) کیسے جیت پائیں گے؟*
👈 اس کا ایک جواب حدیثوں میں بیان ہوا ہے کہ سب سے پہلے تو امام آکر تمام لوگوں کو حق و سچائی کی دعوت دیں گے، جس سے بہت سے لوگ آپ کی باتوں کو قبول کرکے آپ کے ساتھ ہوجائیں گے اور اس کے بعد جو لوگ ہٹ دھرم ہونگے اور آپ سے مقابلہ کرنا چاہیں گے، ان سے جنگ ہوگی لیکن خداوندعالم مختلف طریقوں سے امام اور آپ کے لشکر کی مدد کرے گا جیسے فرشتوں کو مدد کے لئےبھیجے گا۔ دشمنوں کے دلوں میں ڈر اور خوف طاری کردے گا۔ اور بہت سے ملک اور شہر بغیر جنگ ہی کے فتح ہوجائیں گے، جیسا کہ آیا ہے کہ بہت سے علاقے ایک بار یا تین بار نعرہ تکبیر کہنے بھر سے فتح ہوجائیں گے۔ اس کے بعد بھی جو لوگ امام اور آپ کے لشکر سے مقابلہ کرے گا ان کو نابود کردیا جائے گا۔