❇️ * امام زمانہ (عج) کے اوصاف و خصوصیات *♦️(تیسرا حصہ)
گذشتہ کلاس میں امام زمانہ (عج)کے بارے میں بیان کیا گیا تھا کہ روایات میں تکرار اور تاکید کے ساتھ بیان کیا گیا ہے کہ"مہدی عج آل محمد(ص) سے ہیں"۔ یہ امام زمانہ عج کی پہچان بھی ہے اور اس میں آپ کی خصوصیت بھی ہے کہ آپ مقام ہدایت کے لئے منتخب ہوئے ہیں یعنی آخری زمانے میں ہدایت کا عہدہ آپ کے حوالے کیا گیا ہے۔ آج اس خصوصیت کے حوالے چند باتوں کا ذکر کیا جارہا ہے:
🌼* امام مہدی اورمقام ہدایت:*
🌼 پیغمبراکرم(ص) نے زمانہ غیبت میں رہنے والے امام یعنی اپنے بارہویں جانشین کے بارے میں بیان فرمایا کہ آپ مہدی یعنی صاحب مقام ہدایت ہونگے۔ مھدی کے معنی ہدایت کرنے والا۔ دین میں ہدایت کرنا یعنی لوگوں کو قرآن و سنت کی روشنی میں زندگی گزارنے کے لئے صحیح راستہ دکھانا۔
🌼 امام زمانہ (عج) کے مقام ہدایت کا ذکر بہت سی حدیثوں میں آیا ہےجیسا کہ ایک حدیث میں پیغمبر اکرم(ص) فرماتے ہیں: «لا تَذْهَبُ الدُّنْیا حَتّی یَلِیَ اُمَّتِی رَجُلٌ مِنْ اَهْلِ بَیْتِی یُقالُ لَهُ الْمَهْدِیُّ؛ یہ دنیا ختم نہیں ہوگی، مگر یہ کہ میرے اہل بیت( ع ) میں سے ایک شخص امت کا رہبر اور سرپرست ہوگا جس کو "مھدی" کہا جائے گا۔ (کتاب کمال الدین، شیخ صدوق، ج 1، ص ۵۲۴)
🌼 ہدایت کرنا اللہ کی جانب سے آنے والے رہبر اور امام کی اہم خصوصیت ہے جیسا کہ قرآن میں آیا ہے کہ: ''أَئِمَّةً یَهْدُونَ بِأَمْرِنٰا “جن کو ہم نے امام بنایا ہے وہ ہمارے امر کی ہدایت کرتے ہیں۔''(سورہ انبیاء، آیت۷۳۔ سورہ سجدہ، آیت۲۴) یعنی ہمارے دین و احکام کی طرف لوگوں کو دعوت کرتے ہیں۔
🌼 صحیح راستے کی ہدایت کرنا اللہ کے سچے نمائندے اور امام کی پہچان ہے۔ قرآن کے مطابق اگر کوئی خود غلط راستے پر ہو یا غلط راستہ دکھائے تو وہ سچا امام نہیں ہوسکتاہے۔
♦️ واضح رہے کہ یوں تو ہمارا ہر معصوم امام ہدایت کرنے والا ہے لیکن بارہویں امام کو خاص طور پر سے *مھدی* کے لقب سے یاد کیا گیا ہے اورآپ کو مھدی کے لقب سے یاد کیے جانے کی ایک خاص وجہ روایات میں یہ بھی بیان ہوئی ہے کہ امام زمانہ(عج) ظهور کے بعد ان باتوں کو بتائیں گے جو چھپ گئی ہونگی یا چھپا دی گئی ہونگی جیسا کہ آیا ہے کہ آپ اصلی تورات اور انجیل اور دوسرے نبیوں کی اصلی کتابوں کو ان کی چھپائی دی گئی جگہوں سے نکال کر ظاہر کریں گے۔ اسی طرح قرآن اور اسلام کی صحیح اور سچی تعلیمات اور معارف کو ظاہر کریں گے۔
🌼 جو امام ہدایت کے مقام پر اللہ تعالی اور دین و شریعت کی دعوت دیتا ہے وہی سچا امام ہوتا ہے لہذا اگر موجودہ زمانے میں کوئی اللہ کے دین اور شریعت کے برخلاف دعوت دیتا ہے یا دوسرے امور و مسائل کی جانب بلاتا ہے تو سمجھ لینا چاہئے کہ ایسا شخص اللہ کا نمائندہ اور سچا امام نہیں ہوسکتا ہے بلکہ وہ گمراہ اور جھوٹا ہے لہذا موجودہ زمانے میں اگر کوئی نئے دین یا نئی شریعت او نئے قوانین کی دعوت کرے تو *مہدی* اور *امام وقت* نہیں ہوسکتا ہے بلکہ جھوٹا اور گمراہ کرنے والا ہے۔
نوٹ: آئندہ کلاس میں امام مہدی (عج) کے صفات اور خصوصیات کے حوالے سے مزید باتوں کا ذکر کیا جائے گا۔