❇️ * امام زمانہ (عج) کے اوصاف و خصوصیات *♦️(دوسرا حصہ)
گذشتہ کلاس میں امام زمانہ (عج)کی معرفت کے سلسلے میں بیان کیا گیا تھا کہ آپ تمام رہبران الہی کے اوصاف و کمالات اور ان کی سنّتوں کے حامل ہیں۔ آج مزید آپ کی ایک اور خصوصیت اور صفت کا ذکر کیا جارہا ہے:
🌼 مہدی آل محمد(ص) سے ہیں:
🌼 امام مہدی(عج) دور حاضر میں اللہ کی جانب سے برحق امام ہیں۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے غَیبت میں رکھا ہے۔ آپ ہماری نظروں سے پوشیدہ ہیں لیکن ہدایت اور رہنمائی کے تمام کاموں کو ڈائریکٹ یا کسی واسطے سے انجام دے رہے ہیں۔ پیغمبر اکرم ص نے غدیر کے دن جو بہت تفصیل سے خطبہ ارشاد فرمایا تھا ۔ اس خطبہ میں ہمارے موجودہ امام کو بھی یاد فرمایا تھا۔ اور آپ کے بہت سے صفات، خصوصیات کو بیان فرمایا ہے۔ آپ کی غیبت کے زمانے، آپ کے ظہور اور حکومت کےبارے میں بتایا ہے۔ یہ بھی بیان فرمایا ہے کہ: الہی حکومت کے لئے قیام کرنے والا مہدی(عج) ہم اہل بیت(ع) میں سے ہوگا۔ آپ فرماتے ہیں:
*"مَعاشِرَالنّاسِ، أَلا وَ إِنِّی رَسولٌ وَ عَلِی الْإِمامُ والْوَصِی مِنْ بَعْدی، وَالْأَئِمَّةُ مِنْ بَعْدِهِ وُلْدُهُ... ألا إِنَّ خاتَمَ الْأَئِمَةِ مِنَّا الْقائِمَ الْمَهْدِی"۔*
اے لوگو! جان لو کہ میں اللہ کا رسول ہوں اور علی(ع) میرے بعد امام اوروصی ہیں اور اس کے بیٹے اس کے بعد امام ہیں اور جان لو کہ آخری امام مہدی قائم(عج) بھی ہم میں سے ہوگا۔
پیغمبراکرم(ص) کے مذکورہ ارشاد کی طرح اور بھی متعدد احادیث ہیں جن میں اس بات کو صاف طور پر بیان کیا گیا ہے کہ مہدی (عج) جو آخری زمانے میں ظہور فرمائیں گے اور پوری دنیا میں الہی حکومت قائم فرمائیں اور دنیا کو عدل و انصاف سے بھرکر ظلم و ستم کا خاتمہ فرمائیں گے وہ صرف حضرت محمد مصطفی(ص) کی نسل سے ہونگے۔ لہذا تاریخ میں یا آج اگر کسی اور خاندان سے مہدی (عج)اور آخری زمانے کے منجی و قائم کا ذکر کیا جائے تو یہ سب باتیں جھوٹی ہیں۔
نوٹ: آئندہ کلاس میں امام مہدی (عج) کے صفات اور خصوصیات کے حوالے سے مزید باتوں کا ذکر کیا جائے گا۔