❇️ * امام زمانہ (عج) کی معرفت کے چار پہلو *♦️ (دوسرا حصہ)
گذشتہ کلاس میں امام زمانہ (عج) کی تاریخی اور شخصیت کے اعتبار سے معرفت و شناخت اور امام زمانہ (عج)کے صفات اور آپ کے برناموں کی معرفت و شناخت کے سلسلے میں مختصر وضاحت کی گئی ہے ۔ آج کی کلاس میں دوسرے دو پہلوؤں کے بارے میں مختصر طور پر کچھ باتوں کو ذکر کیا جارہا ہے:
۳- مقام ولایت اور نورانیت امام مہدی عج کی معرفت حاصل کرنا۔ اس سلسلے میں حدیثوں کی روشنی میں معلوم ہوتا ہے کہ امام زمانہ(عج)، حضرت رسول اکرم اور دوسرے تمام اماموں کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے جو بھی منصب اور مقامات حاصل ہوئے ہیں وہ سب آپ کو بھی حاصل ہیں۔ بلکہ آپ کی ذات کے ذریعہ وہ تمام مقامات واضح اور مکمل طور پر دنیا کے سامنے ظاہر ہوں گے۔ لہذ قرآن کی تفسیر اور اس کے بیان کا مقام، حکومت الہی اور ولایت کا مقام، قضاوت اور عدالت کا مقام، تعلیم و تربیت کا مقام، ہدایت کا مقام، اولیاء الہی اور مظلوموں کے لئے انتقام اور بدلہ لینے کا حق وغیرہ تمام الہی منصوبوں اور نورانی مقامات میں اس زمانے میں سب سے زیادہ آپ ہی کی ذات حقدار ہے اور آپ ہی ان تمام ظاہری اور نورانی مقامات کے لئے معین ہیں۔ خلاصہ یہ ہے کہ آپ نور الہی ہیں جن کے نور سے ساری دنیا میں نورانیت اور پاکیزگی پھیل جائے گی۔
۴- امام زمانہ (عج)کی معرفت اور شناخت کے سلسلے میں چوتھا پہلو آپ کے فرامین اور آپ کی خواہشات کے بارے میں معلومات حاصل کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ہمیں خود امام زمانے کے فرامین، آپ کی حدیثوں اور آپ کی سیرت اور اخلاق اور جن باتوں کو امام چاہتے ہیں، جن کی آپ خواہش کرتے ہیں ، ان سب کے بارےمیں معلومات حاصل کرنا ضروری ہے۔ یعنی موجودہ غیبت کے زمانے میں ہمیں اس بات کو جاننا چاہئے کہ ہم جو امام کے منتظر ہیں، آپ کے ظہور کا انتظار کرنے والے ہیں۔ اس زمانے میں ہمارے کیا فرائض ہیں؟ ہمیں ایمان و عقائدکے لحاظ سے کیسا ہونا چاہئے؟ ہمارا عمل اور ہمارا اخلاق کس طرح کا ہونا چاہئے؟ ہمارا امام ہم سے کیا چاہتا ہے؟ حدیثوں میں ایک منتظر شخص کے لئے بہت سے صفات بیان کئے گئے ہیں جن کو جاننا اور ان پر عمل کرنا ہماری گردنوں پر حقوق ہیں، ہمیں اس کا حساب کرنا چاہئے کہ ہم ان حقوق کو کس حد تک جانتے ہیں اور ان پر عمل کرتے ہیں۔
غیبت کے زمانے میں ہمارا امام ہر طرح سے ہمارا خیال رکھتا ہے، ہماری آنکھوں پر پردہ ہے لیکن وہ ہمارے درمیان رہتا ہے، ہمارے گھروں اور بازاروں میں امام کی آمد و رفت رہتی ہے۔ مشکلات اور پریشانیوں میں وہ ہماری مدد کرتا ہے۔ بلاؤں اور مصیبتوں کو وہ ہم سے دور کرتا ہے، ہماری ہدایت اور رہنمائی کے لئے وہ ہمیشہ آمادہ رہتاہے۔ ہماری ہر پکار کا جواب دینے کے لئے تیار رہتا ہے۔ مگر ہمیں اپنے آپ سے سوال کرنا چاہئے کہ ہم اپنے شب و روز میں امام کے لئے کیا کرتے ہیں۔
نوٹ:
- مذکورہ تمام پہلوؤں اور باتوں پر توجہ رکھنا اور انہیں جاننا اور ان پر عمل کرکے اپنے رابطے کو امام زمانہ(عج) سے نزدیک کرنا اور اپنے دینی اور دنیاوی کاموں میں امام زمانہ(عج) کو شریک کرنا ہی امام زمانہ (عج) کے سلسلے میں اعلیٰ معرفت کا ذریعہ ہے۔
- ان شاء اللہ آئندہ کلاسوں میں امام زمانہ (عج)کے صفات اور خصوصیات اور مقامات اور آپ کے فرامین اور مہدوی اخلاق کے حوالے سے کچھ تفصیلات کے ساتھ مطالب کو بیان کیا جائے گا۔